نئی دہلی،4اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر نے نیوزی لینڈ کے خلاف موجودہ ٹیسٹ سیریز کے مستقبل کو لے کر قیاس لگانے سے انکار کر دیا لیکن واضح الفاظ میں کہا کہ پیسے کے بغیر کھیل نہیں چلایا جا سکتا تاہم لوڈھا پینل نے بھی وضاحت دی کہ اس نے بینکوں کو بی سی سی آئی کے اکاؤنٹ منجمد کرنے کی ہدایات نہیں دی ہیں۔ٹھاکر نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ انہیں ریاستی ایسوسی ایشن کو فنڈز جاری کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے جبکہ ریاستی یونین میچوں کا انعقاد کرنے کے لیے دولت کے لئے ان پر انحصار کرتے ہیں۔ٹھاکر نے کہا کہ میں اس پر بات نہیں کر سکتا کہ سریز جاری رہے گی یا نہیں لیکن اگر کھلاڑیوں اور ایسوسی ایشن کو ادا نہیں کیا جاتا ہے تو اس سے اس وقت سنگین صورت حال پیدا ہوگی جبکہ ٹیم ٹیسٹ میں نمبر ایک، ٹی 20میں نمبر دو اور ون ڈے میں نمبر تین ہے،یہ سب سے طاقتور بورڈ ہے،ہم نے آئی پی ایل جیسے کامیاب ٹورنامنٹ کے لیے تیار کیا، ہم پیسے کے بغیر کھیل نہیں چلا سکتے۔انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی باہر سے پیسے نہیں لیتا چاہے وہ مرکز ہو یا ریاستی حکومت،بینکوں کو کہا گیا ہے کہ وہ ادائیگی جاری نہ کریں،یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اس طرح کے حالات پیدا ہوئے،کیا بی سی سی آئی نے اتنے سالوں سے کچھ نہیں کیا،اس سوال کا جواب دیا جانا چاہئے۔اپنی سفارشات کو نہیں ماننے پر سپریم کورٹ سے مقررلوڈھا پینل نے بی سی سی آئی کے تئیں سخت رویہ اپناتے ہوئے ان بینکوں کو ہدایات دی جن میں بی سی سی آئی کے کھاتے ہیں کہ وہ 30ستمبر کو بورڈ کی خصوصی جنرل میٹنگ میں لئے گئے مالی فیصلوں کے تعلق میں ریاستی ایسوسی ایشن کو بڑی رقم ادا نہیں کرے۔